ملکی زرمبادلہ ذخائر کم ہیں مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں،اسحاق ڈار
فائل:فوٹو
کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بھنور میں پھنسا ہوا ہے جس کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے تاہم پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا کوئی چانس نہیں ہے، ملکی زرمبادلہ ذخائر کم ہیں مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینچ میں تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی گیم اسکورنگ کرکے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا ہے، تین ماہ سے وزارت خزانہ کے منصب پر فائز ہوں اور ہر وقت ڈیفالٹ کی باتیں سنتا ہوں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا کوئی چانس نہیں ہے، ملکی زرمبادلہ ذخائر کم ہیں مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں اور میں ثابت کرسکتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی معاشی حالات انتہائی ابتر تھے اور تین سال کے عرصے میں معیشت کھڑی کر دی، پاکستان 2013 میں بھی ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا مگر بہتر معاشی اقدامات سے باہر آگئے تھے۔
اسحاق ڈار نے اعتراف کیا کہ پاکستان اس وقت معاشی بھنور میں پھنسا ہوا ہے جس کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے، کیپیٹل مارکیٹ کی بہتری کے لیے چیئرمین ایس ای سی پی کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر کو ذمہ داری سنبھالتے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ایس ای سی پی کو فوکس کیا لیکن بدقسمتی سے ایس ای سی پی میں سالوں سے کمشنرز تعینات ہی نہیں تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ملکی معیشت کو بہتر سمت لے جایا جا سکتا ہے، دنیا کی پانچویں اسٹاک مارکیٹ اس وقت انتہائی مشکل میں ہے اور خواہش ہے اسٹاک مارکیٹ کا گولڈن دور واپس آئے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کیلئے ایف بی آر کی پالیسی کو بھی نرم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے کوئی سونا تو کوئی ڈالر خرید رہا ہے، ہمیں لوگوں کو اس ڈر سے نکالنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی دنیا دیکھے گی۔
Comments are closed.