حکومت کا توانائی بچت کے لیے بازار 8 اور شادی ہال 10 بجے بند کرنے کافیصلہ
فائل:فوٹو
اسلام آباد: حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے بازار 8 بجے اور شادی ہال رات 10 بجے بند کرنے کے علاوہ دیگر کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ان اقدامات کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قمر زمان کائرہ اور مریم اورنگزیب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سیکرٹری پاور، وزیر دفاع سمیت 10 وزرا شامل ہیں۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شادی ہالوں کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے جب کہ ریستوران اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ ان اقدامات سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جب کہ نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ گھروں میں پنکھے اور ائرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 28 ارب ماہانہ بچت ہوگی۔ گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزر کے لیے بچت کے آلات فراہم کریں گی، جس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے 4 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ای بائیکس متعارف کروائی جارہی ہیں، محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی۔ امپورٹ شروع ہو چکی ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ موٹر سائیکل کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ان اقدامات کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
Comments are closed.