عمران خان نے پارٹی کو اداروں و اسٹیبلشمنٹ پر تنقید سے روک دیا

فوٹو: فائل

لاہور: چنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی میں تبدیلی آگئی ہے اور عمران خان نے پارٹی کو اداروں و اسٹیبلشمنٹ پر تنقید سے روک دیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیاہے کہ آئندہ کوئی بھی رہنما اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کسی قسم کی مہم کا حصہ نہ بنے۔

اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کے مطابق ’چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کسی قسم کی تنقید کا حصہ نہ بنا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ نہ ہم پہلے اس مہم کا حصہ تھے نہ مستقبل میں ہوں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے’ماضی میں جو آٹھ ماہ کے دوران ہوا وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارا مسئلہ نہیں تھا، وہ ایک شخصیت نے جو کچھ کیا وہ سب کو پتا ہے، وہ اب ادارے کا حصہ نہیں رہے اور ماضی بن چکے ہیں۔‘

مسرت جمشید چیمہ نےیہ بھی واضح کیا کہ ’ہمارا اداروں کے ساتھ نہ پہلے جھگڑا تھا نہ آئندہ ہوگا۔‘

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ’عمران خان جو ہدایات جاری کرتے ہیں ہم اس پر عمل کرتے ہیں۔‘’کسی ایک شخص پر سوال اٹھانے پر اعتراض نہیں ہے لیکن کسی ایک شخص کا بوجھ ادارے پر لاد دینا عقل مندی نہیں۔‘

ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلے کی طرح ’ہم انفرادی طور پر مثبت تنقید پہلے کی طرح جاری رکھیں گے تاہم کسی منفی پروپیگنڈا کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘

انہوں نے سوشل میڈیا ٹیم کو بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے امید ہے ہمارے آفیشل سوشل میڈیا ٹیم بھی عمران خان کی ہدایات پر عمل کرے گی۔

Comments are closed.