بلوچستان میں آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، 2سکیورٹی اہلکار شہید
فوٹو : فائل
راولپنڈی: بلوچستان میں آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، 2سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے،دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے شہرگ کے قریب کمن پاس میں فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق سیکورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے ٹھکانے کے قریب ہیلی کاپٹر سے اتارا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے راستے بند کرنا شروع کیے تو دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، علاقے میں دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن آخری اطلاعات تک جاری تھا۔
Comments are closed.