ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات

فوٹو : فائل

اسلام آباد: سینئر صحافی واینکر ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے، کندھے کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی جبکہ ایک گولی اب بھی جسم میں موجود ہے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی بول کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، مختلف شعبوں کے سنیئر ڈاکٹرز نے تفصیلی معائنہ کیا اور ارشد شریف کے جسم کا سی ٹی اسکین اور ایکسرے کئے گئے۔

رپورٹ میں اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایکسرے، سی ٹی اسکین میں پورے جسم کی ہڈیوں کی جانچ کی گئی، ارشد شریف کے کندھے، سر کی ہڈی ٹوٹی پائی گئی ہے، ارشد شریف کے سر، کندھے کے علاوہ تمام ہڈیاں اصل حالت میں ہیں۔

زخموں کی نوعیت کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کو گولی دور سے لگی ہے، ایک گولی سر اور دوسری گولی سینے وکندھے کے بیچ میں لگی ہے، کندھے پر لگنے والی گولی سے ہڈی ٹوٹی، اندرونی اعضاء شدید متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے کندھے پر لگنے والی گولی کے ٹکڑے جسم میں تاحال موجود ہیں اور ارشد شریف کے سر میں لگنے والی گولی آر پار ہو گئی تھی۔

بدھ اور منگل کی درمیانی رات سینئر صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے کے بعد ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا تھا اور اہل خانہ کی درخواست پر ہی پوسٹ مارٹم کیا گیا.

میڈیکل ڈائریکٹر پمز نے پوسٹ مارٹم کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، بورڈ کے ارکان میں کلینیشین، سرجنز اور سینئر ترین میڈیکولیگل افسران سمیت 6 سینئر ترین ڈاکٹر شامل تھے.

ان کے علاوہ متوفی کے اہل خانہ کی خصوصی درخواست پر مزید 2 افراد کا اضافہ کیا گیا، جن میں ای این ٹی سرجن اور او ایم ایف ایس سرجن شامل تھے.

Comments are closed.