تحریک انصاف کا ملک بھر میں احتجاج جاری، شہر شہر ریلیاں، سڑکیں بلاک
فائل:فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف تحریک انصاف کا ملک بھر میں احتجاج جاری، شہر شہر ریلیاں، سڑکیں بلاک کردی گئیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے۔
لاہور، کراچی، راولپنڈی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کر رہے ہیں جبکہ بعض جگہوں پر پولیس سے جھڑپیں بھی ہو رہی ہیں، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں جام کی ہوئی ہیں.
فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انشاء اللہ اب ان طاقت کے ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔
فیصلے کے بعد ملک کے تمام شہروں میں پی ٹی ا?ئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ کارکنوں نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج شروع کردیا، کئی دفاتر کے باہر جلاوٴ گھیراوٴ بھی کیا گیا اور سڑکیں بند کردی گئیں۔
احتجاج کی ہدایت ملنے پر پی ٹی آئی ضلع پشاور کی قیادت نے موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قیادت نے کارکنان کو فوری طور پر موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ہدایت ملنے پر کارکنان پہنچ گئے اور انہوں نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔
لاہور میں چنگی امرسدھو پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ پی ٹی آئی ورکرز نے کلمہ چوک میں بھی احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے سڑک بلاک کردی۔ اسلام آباد بھارہ کہو سے ریلی شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔
دریں اثنا اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔رحیم یار خان میں بھی پی ٹی ا?ئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل ا?ئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔
Comments are closed.