مڈل آرڈر میں ری شفلنگ کا تجربہ کامیاب، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا

فوٹو: پی سی بی

کرائسٹ چرچ: مڈل آرڈر میں ری شفلنگ کا تجربہ کامیاب، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا، سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بھی مات دے دی۔

پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی دوسری گیند پر پورا کر لیا، شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوئے تو افتخار کی جگہ آنے والے شاداب نے کیوی باولرز کی پٹائی کر دی، 34 رنز بنائے.

اس سے نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کو 148 کا ہدف دیا۔

پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا
پاکستان کو پہلا بریک تھرو محمد وسیم جونیئر نے تیسرے اوور میں فن ایلن کی صورت میں دیا جو محض 13 رنز ہی بناسکے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 36، کپتان کین ولیمسن 31، گلین فلیپس 18، مارک چیپمین 32، جیمز نیشم 5، مائیکل بریس ویل صفر، ایش سوڈھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، حارث نے 19ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 4 اوورز میں 28 رنز دیے۔

اس کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہنواز دھانی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، رضوان 12 گیندوں پر صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی ناقابلِ شکست ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ، مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود ایک بار پھر بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے، اس موقع پر بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا گیا.

چوتھے نمبر پر آل راؤنڈر شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے، شاداب نے 22 گیندوں پر 34 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ اس کے بعد محمد نواز آئے اور انہوں نے 19 بالز پر 16 رنز بنائے۔

بیٹر حیدر علی نے 2 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے، وننگ شاٹ کپتان بابراعظم نے کھیلا، کپتان بابر اعظم کو ‘مین آف دی میچ’ ایوارڈ دیا گیا۔

Comments are closed.