سہ ملکی ٹی20 سیریز ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو21رنز سے شکست دیدی

فائل :فوٹو

کرائسٹ چرچ :نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ ملکی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو21رنز سے شکست دیدی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 167 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز محمد رضوان 50 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 52 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان بابر اعظم 25 گیندوں پر 22 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے۔محمد رضوان نے شان مسعود کیساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں سکور کو 94 کے ہندسے تک پہنچایا جہاں شان مسعود نسیم احمد کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے ، انہوں نے 22 گیندیں کھیل کر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

پاکستان کی تیسری 111 سکور پر گری جب حیدر علی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،افتخار احمد نے 13،آصف علی نے 4 سکور بنائے۔ محمد نواز 5 گیندوں پر 8 سکور بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 2 ، حسن محمد ، نسیم احمد اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا پائی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے آغاز میں محتاط بلے بازی کی گئی ۔ پاکستان کی جانب سے پہلا اوور شاہنواز دھانی نے پھینکا ، پہلے اوور میں صرف 2 رنز بنائے گئے۔

دوسرے اوور میں محمد وسیم نے 3 وائیڈ بال پھینکے ، انہوں نے اس اوور میں مجموعی طور پر 9 سکور دیے۔ تیسرے اوور میں شاہنواز دھانی نے 5 سکور دئیے۔ محمد وسیم نے پاکستان کی جانب سے پانچواں اوور پھینکا ، پانچویں اوور کی دوسری گیند پر بنگلہ دیشی بلے باز مہدی حسن مرزا آصف علی کو کیچ تھما بیٹھے۔انہوں نے 11 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔

13ویں اوور میں نواز نے تیسری گیند پر لٹن داس جبکہ چوتھی گیند پر مصدق کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ پر قومی ٹیم کی گرفت مضبوط کرلی۔ 14ہویں اوور کی آخری گیند پر شاہنواز دھانی نے عفیف حسین کو میدان بدر کیا ، پندرہویں اوور کی پانچویں گیند پر نور الحسن شاداب خان کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔

خیال رہے کہ سہ فریقی سیریز میں کل پاکستان کامقابلہ نیوز ی لینڈ سے ہوگا۔

Comments are closed.