وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان پر ایک اور پریس کانفرنس ، الزامات کی بوچھاڑ

فائل:فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان پر ایک اور پریس کانفرنس ، الزامات کی بوچھاڑ ،  کہا ہے کہ سائفر کے معاملے میں قوم سے بددیانتی کی گئی، آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا کہ امریکا سے آنے والے خط پر امریکا کا نام نہیں لینا آڈیو لیکس میں ہمارا کوئی کردار نہیں اگر ہمارا کردار ہوتا تو ہم اپنی آڈیو کیوں لیک کرتے؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلے وزیراعظم ہاوٴس کی آڈیو لیک ہوئی اس کے بعد اگلے دن دوسری آڈیو آگئی، کہا گیا کہ آڈیو لیکس میں حکومت ملوث ہے، اگر ہم ملوث ہوتے تو اپنی آڈیو کیوں لیک کراتے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کے حواریوں نے قوم کا وقت ضائع کیا، ہماری آئینی جدوجہد کو سازش کا نام دے کر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے، ہم پر غداری کے الزامات عائد کیے گئے، اگر سازش کا تانا بانا ہم سے ملے تو ہم ہر سزا کے لیے تیار ہیں، میں نے اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا کہ اگر سازش ثابت ہوجائے تو مجھے پھانسی لگادینا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سائفر کے معاملے میں قوم سے بددیانتی کی گئی، آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا کہ امریکا سے آنے والے خط پر امریکا کا نام نہیں لینا، عمران خان نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر کھیل کھیلنا ہے،نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی دونوں میٹنگز میں کہا گیا کہ سائفر کا سازش سے کوئی تعلق نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے حواری سازشی ٹولہ ہیں، عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے جھوٹا سیاست دان ہے، عمران خان سر سے پاوٴں تک فراڈیا ہے، عمران خان نے قوم سے کھیلا اور اسے تنہائی میں لے گیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، عمران نیازی نے پاک فوج کے لیے نیوٹرل اور چوکی دار جیسے الفاظ استعمال کیے، پتھر دل عمران خان سازش کررہا ہے کہ دنیا ہمارے سیلاب زدگان کی مدد نہ کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا 190 ملین پاوٴنڈ (50 ارب روپے) کا مارا گیا، اپنے دور میں انہوں نے بی آر ٹی کیس کھلنے ہی نہیں دیا، اگر عمران کو دوبارہ ملک پر مسلط کیا گیا تو یہ ملک تباہ کردے گا، عمران خان ہوتا تو کب کا ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنا علاج مکمل کرانے کے بعد ڈاکٹروں کی اجازت سے پاکستان واپس آئیں گے۔

صحافی کے ایک سوال پر انہوں ں ے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق قوانین موجود ہیں فیصلہ اس کے متعلق ہوگا آپ پریشان نہ ہوں۔وزیراعظم نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مانتے ہیں ملک میں مہنگائی بہت ہے، مہنگائی میں کمی کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔

Comments are closed.