پاکستان تحریک انصاف کی 19 اگست کراچی میں جلسے کی اجازت کی درخواست

کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے 19 اگست کو باغ جناح میں ہونے والے جلسے کی اجازت اور سیکیورٹی کیلئے درخواست دے دی ہے ۔

تحریک انصاف کراچی نے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی اور مزار قائد کی انتظامیہ کو 19 اگست کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے درخواست جمع کروادی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین عمران خان کے کراچی جلسے کیلئے باغ جناح میں انتظامات کیے جائیں گے، اس حوالےسے تمام درخواستیں پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے جمع کرائی گئیں۔

بلال غفار کا کہنا ہے کہ انتظامیہ باغ جناح کی سیکورٹی کیلئے اقدامات یقینی بنائے، عمران خان کراچی میں 19 اگست کو تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک بھر میں جلسے کریں گے، حکومت کے خاتمے کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، عمران خان دس ستمبر تک ملک گیر دورے کریں گے، 19 اگست کو کراچی اور 20 اگست کو حیدر آباد میں عمران خان جلسوں سے خطاب کریں گے۔

Comments are closed.