ایشیا کرکٹ کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا

نئی دہلی: ایشیا کرکٹ کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا، سری لنکا نے سیاسی و مالی مشکلات کے باعث میزبانی کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

ایشیا کپ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر بھارتی کرکٹ بورڈ سارو گنگولی نے بتایا کہ سری لنکا کی معذرت کے بعد ایشیا کپ یو اے ای منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ 28 اگست سے 11 ستمبر تک یو اے ای میں کھیلا جائے گا نئے شیڈول کے حوالے سے سارو گنگولی نے کہا کہ ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہیں اس لئے وہ حتمی فیصلہ میں شامل ہیں اس کااعلان سارو گنگولی کی طرف سے سامنے آیا۔

واضح رہے کہ کرکٹ سری لنکا نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر اے سی سی کو آگاہ کر کے ایشیا کپ 2022 کے انعقاد سے معذرت کر لی تھی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے حکام کوبتایا ہے کہ ملک میں سیاسی اور معاشی بحران ہے جس کی وجہ سے ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا تھا کہ سری لنکا میگا ایونٹ یو اے ای میں کرانے کا خواہاں ہے تاہم میگا ایونٹ کے وینیو کا متبادل یو اے ای، بھارت سمیت دیگر ممالک بھی ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.