بھارتی کرکٹر دنیش کارتھک بابراعظم کے فین نکلے، تعریفوں کے پل باندھ دیئے
فوٹو: فائل
لاہور( اسپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹر دنیش کارتھک بابراعظم کے فین نکلے، تعریفوں کے پل باندھ دیئے،کہا وہ وقت دور نہیں ہے جب بابراعظم ٹی ٹوئنٹی، ونڈے کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نمبر ون ہو جائیں گے۔
بھارت میں پہلے بطور وکٹ کیپر کھیلنے اور بعد میں مستند بیٹر جگہ بنانے والے دنیشن کارتھک نے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستانی کپتان کی بیٹنگ صلاحیتوں پر کھل کر اظہارخیال کیا۔
دنیش کارتھک نے کہا کہ پاکستانی کپتان تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمانے والا پہلا بیٹر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،مجھے سو فیصد یقین ہے کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ بابر اعظم ایک اعلیٰ پائے کے بیٹر اور اس وقت بہترین فارم میں ہیں، تینوں فارمیٹ میں ان کی کارکردگی میں تسلسل نظر آتا ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پانے کے لیے ان کو میچز بھی کھیلنے کو ملیں گے۔
بابراعظم نے عمدہ بیٹنگ سے اپنے ٹیم کے لیے نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہیں، وقت کے ساتھ بابر کے کھیل میں مسلسل بہتری آئی ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
دنیش کارتھک نے کہا کہ ویراٹ کوہلی، جو روٹ، اسٹیون اسمتھ اور کین ولیمسن نے ایک دہائی تک ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا پر راج کیا، ان شاندار 4 بیٹرز کی فہرست میں پانچویں بیٹر کے طور پر بابر اعظم کا نام درج ہونے میں زیادہ وقت باقی نہیں۔
انھوں نے کہاپاکستانی کپتان کا بیٹنگ کے دوران توازن بہترین ہوتا ہے، وہ فرنٹ اور بیک فٹ پر بہترین اسٹروکس کھیلتے ہیں، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کنڈیشنز اور ضرورت کے مطابق اپنی تکنیک میں مناسب تبدیلی کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔
دنیش کارتھک کا کہنا تھا کہ اسی لیے میں ہمیشہ بابراعظم کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہوتا ہوں، آئندہ کیریئر میں کئی سنگ میل ان کے منتظر ہوں گے کیونکہ وہ ایک شاندار بلے باز ہے۔
Comments are closed.