عمران نیازی کی خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، شہبازشریف

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے عمران نیازی کی خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، شہبازشریف بولےایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے ایبٹ آباد میں خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا، کہاپاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے،عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے۔

وزیراعظم نے کہاپہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہےلیکن عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے۔

شہبازشریف نے کہاعمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے،میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔

عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا،انھوں نے کہا پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے،عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

Comments are closed.