لوڈ شیڈنگ کا عذاب ختم کرنے تک چین سے بیٹھوں گا نہ بیٹھنے دونگا، وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم بجلی کی لوڈ شیڈ نگ پر برہم ، کہا لوڈ شیڈنگ کا عذاب ختم کرنے تک چین سے بیٹھوں گا نہ بیٹھنے دونگا، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کمی کرنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ جب تک تیل و گیس کا حکومت بہتر انتظام نہیں کرتی حکام عبوری اقدامات کو بہتر بنائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی میں چین سے نہیں بیٹھوں گا اور نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سابق حکومت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کریں۔
انھوں نے کہا نواز شریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے اس میں ایک یونٹ کا اضافہ نہیں کیا،بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی۔
شہبازشریف نے کہا عمران نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے، اور مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کیے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا 6 ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا، اب ایل این جی جہاز قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی شعبے کو تباہ کر کے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔
Comments are closed.