وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے حلف اٹھا لیا

مظفر آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سردار تنویر الیاس وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب، حلف بھی اٹھا لیااپوزیشن کے بائیکاٹ کے دوران حکومتی ارکان نے اپنا نیا قائد ایوان چن لیا۔

نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، وزیراعظم سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے حلف لیا، تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، ممبران اسمبلی و دیگر افراد نے خصوصی شرکت کی۔

نو منتخب وزیراعظم کے ساتھ دو وزراء نے بھی حلف اٹھا لیا، وزراء میں خواجہ فاروق اور چودھری اخلاق شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی جھنوں نے سردار الیاس پر پیسہ چلانے کاالزام لگایا تھا، وہ بھی حمایت کرنے والوں میں شامل تھے جب کہ جن پانچ وزرا کو برطرف کیا گیا ان میں بھی سردار تنویر الیاس شامل تھے۔

سردار تنویر الیاس نے سینئر وزیر سے وزیراعظم تک کا سفر چند دنوں میں طے کرلیا، پارٹی کی ہدایت پر لبیک کہتے ہوئے سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے بھی مخالفت چھوڑ دی۔

آزاد کشمیر کے ترپن رکنی ایوان میں تحریک انصاف کو اکتیس ارکان کی واضح برتری حاصل ہے۔۔۔ پیپلز پارٹی نے اسی لئے چوہدری یاسین کو وزارت عطمیٰ کاامیدوار نامزد کیا، مگر تحریک انصاف کے جڑے رہنے کا عمل دیکھ کر انتخابی عمل کا حصہ نہ بنے۔

نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچہ ہم نے اپنے قیمتی نو ماہ ضائع کردیئے ہیں تاہم تین ماہ میں نظر آئے گا کا آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

تنویر الیاس نے کہا کہ جو مہاجرین آئے ہیں انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعدآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا.

واضح رہے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی، سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکریٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی تھی۔

تاہم عدم اعتما د سے پہلے ہی سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پہلے پانچ وزرا کو برطرف کیا اور پھر خود بھی استعفیٰ دے دیا تھا تاہم بعد میں مخالفت کو مزید طول دینے کی بجائے پارٹی قیادت کے فیصلوں پر اعتماد کااظہار کیا۔

Comments are closed.