وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، 31 وزراء، 3 وزرائے مملکت شامل ہیں
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، 31 وزراء، 3 وزرائے مملکت شامل ہیں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کابینہ سے حلف لیا.
ایوان صدر میں وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی جہاں چیئرمین سینیٹ و قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے پہلے وفاقی وزرا سے حلف لیا جس کے بعد انہوں نے وزرائے مملکت سے حلف لیا۔
وفاقی کابینہ میں 31 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت ہیں قمر زمان کائرہ، انجینئر امیر مقام اور عون چوہدری کو بطور مشیر کابینہ میں شامل کیا گیا ہے.
کابینہ میں (ن) لیگ کے 14 اور پیپلزپارٹی کے 9 ارکان شامل ہیں جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی سے ایک ایک، جے یو آئی کے 4 اور ایم کیو ایم کے 2 ارکان کابینہ کا حصہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، خرم دستگیر، راناتنویر، مریم اورنگزیب، سعدرفیق، ریاض حسین پیرزادہ، اعظم نذیر تارڑ اور جاوید لطیف کابینہ کا حصہ ہیں۔
پیپلز پارٹی سے خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمان، مرتضیٰ محمود، احسان الرحمان مزاری، عابد حسین بھایو اور شازیہ مری کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، ایم کیو ایم کے امین الحق اور فیصل سبزواری وزیر بنے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے اسعد محمود ، مولانا عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، طلحہٰ محمود، بی اے پی کے اسرار ترین، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، طارق بشیر چیمہ وفاقی کابینہ میں شامل ہیں.
کابینہ میں عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر اور عبدالرحمان کانجو وزیر مملکت ہیں، واضح رہے کہ کابینہ نے پیر کو حلف لینا تھا مگر صدر مملکت نے کابینہ سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا.
Comments are closed.