فوج اور عوام کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائیگی، آرمی چیف

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے فوج اور عوام کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائیگی، آرمی چیف کا کہنا تھا دشمن قوتیں ایک عرصہ سے یہ کوشش کررہی ہیں مگر انھیں ناکامی ہوگی۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےلاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور کا بھی دورہ کیا اور زخمی میجر کی عیادت کی جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

انھوں نے کہا ملزمان جو کہ زیر حراست ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آرمی چیف نے اس کے بعدگیریژن میں د و الگ الگ سیشنز میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں سے ملاقات کی ۔ سپہ سالار نے آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلی ٰ معیار کو سراہا۔

سپہ سالار نے کہا غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاستی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے بروقت اورمتفقہ ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔ٓ

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا فوج عوام سے طاقت لیتی ہے فوج اور عوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، دشمن قوتیں ایک عرصہ سے یہ کوشش کررہی ہیں مگر انھیں ناکامی ہوگی.
ا

Comments are closed.