عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا، مریم نواز
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےعمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا، مریم نواز خان نے کہا نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں ہے، این ایس سی کو عمران خان نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
عمران خان نے شکست دیکھ کراسمبلی نہیں آئین توڑا ہے،مریم نواز کا کہنا ہے کہ اتنے بد ترین انداز سے توڈکٹیٹرز نے بھی آئین نہیں توڑا ہے.
لاہورمیں پریس کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی بات کرتے ہیں، اسپیکر آئین کے تابع ہوتا ہے، آئین اسپیکر کے تابع نہیں ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نےسب کچھ بتادیا تو خط کیوں نہ دکھایا؟ خط اس لیے نہیں دکھایا، کیونکہ کوئی خط تھا ہی نہیں، خط سپریم کورٹ میں رکھنا چاہیے تھا۔
لیگی رہنما نے کہا قوم کے سامنے رکھنا چاہیے تھا، وزارت خارجہ میں خط کو ڈرافٹ کیا گیا، اگر آپ خط سامنے رکھتے تو اس کا تیا پانچا ہوجاتا، اپنے سفیر کو آپ نے راتوں رات برسلز بھیج دیا۔
مریم نواز نے سوال کیا کہ خط کے اصل کردار سفیر صاحب کہاں ہیں؟ آپ نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا،کچھ دن سے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا بازار گرم ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت رخصت ہوتی ہے تو کارکردگی اور منصوبے لے کر عوام کے پاس جاتی ہے، جب نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو ان کے منصوبے ختم نہیں ہوئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نےایک بار پھر یہ الزام لگایا کہ نواز شریف کے منصوبوں پر عمران خان جعلی تختیاں لگاتے رہے، کارکردگی اور منصوبوں کے بجائے حکومت جعلی خط لے آئی۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کو علم تھا کہ جب خط قوم کے سامنے آئے گا تو پول کھل جائے گا، خط کا ڈرامہ کرنا تھا اس سے ایک دن پہلے پاکستانی سفیر کو راتوں رات امریکا سے برسلز بھیجا، یہ خط نہ تھا نہ ہے، یہ ایک ڈرامہ تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ سازش کے ثبوت آپ کیا لے کر آئے؟ وہ تصاویر جس میں ہم ڈپلومیٹس سے مل رہے ہیں، آپ بھی ڈپلومیٹس سے ملتے رہے ہیں کیا وہ بھی سازش ہورہی تھی اس موقع پر انھوں نے عمران خان کی بھی ملاقاتوں کی تصاویر دکھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہم ڈپلومیٹس سے ملتے ہیں تو ہم قوم اور ملک کی بات کرتے ہیں، ہم ڈپلومیٹس کے سامنے اپنے ملک کے خوبصورت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب ڈالر 186 سے اوپر چلا گیا تو یہ سازش کس ملک نے کی؟ گھی 120 سے 500 روپے کلو ہوگیا، یہ سازش کس نے کی؟ عمران خان نے ساڑھے تین سال قوم کا خون چوسا، چند روزہ اقتدار کے لیے عمران خان نے آئین کو توڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ شخص کبھی احتجاج کی کال دیتا ہے، کبھی جشن کی، اگلے الیکشن میں عمران خان بطور غدار جائیں گے، عوام عمران خان کو نہیں بخشیں گے۔
مریم نواز نے ایک طرف کہا کہ روز ٹی وی پر عمران خان عوام کا سر کھاتے ہیں، پھر کہا اب تو ٹی وی بھی عمران خان کو نہیں دکھاتا،عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو تین عورتیں، پانچ مرد اکٹھے ہوئے۔
Comments are closed.