پاکستان میں میزائل فائر ہونا غلطی اور افسوسناک واقعہ ہے، بھارتی وزارت دفاع

فوٹو: فائل

نئی دہلی( ویب ڈیسک )بھارت نے پاکستان میں میزائل فائر ہونا غلطی اور افسوسناک واقعہ ہے، بھارتی وزارت دفاع نے پاک فوج کے گزشتہ روز کے بیان پر غلطی تسلیم کرکے وضاحت کردی۔

بھارت کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان میں میزائل فائر ہونے کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی انسانی جان کا نقصان نہ ہونا اطمینان کی بات ہے۔

بھارتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معمول کی دیکھ بھال کے دوران، ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے بدھ کو میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا جو پاکستان کے ایک علاقے میں گرا۔

بیان میں میزائل فائر ہونے کو فوج کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا،یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیاہے۔

http://

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا تھاکہ 9 مارچ کو 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک ‘شے’ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یہ ایک سوپر سونک پروجیکٹ تھا جو ممکنہ طور پر میزائل تھا اور غیر مسلح تھا، یہ آبجیکٹ بھارت میں سو کلو میٹر اندر تھا، تبھی ہم نے اسے نوٹس کرلیا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستانی فضائی حدود میں وہ چیز 3 منٹ اور چندسیکنڈ تک رہی اور 260 کلومیٹر اندر تک سفر کیا، اس کے خلاف ضروری کارروائی بروقت کرلی گئی،پتا چلایا کہ وہ بھارتی علاقے سرسا سے آئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ی دکھائی، ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کر رہے۔

ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس کے بعد بھارت کی وزارت دفاع کی جانب سے غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ غلطی سے ہوا تاہم انکوائری کا حکم دے دیاہے۔

Comments are closed.