استاد کا مثبت رویہ بچے کا کردار اور مستقبل سنوارتاہے، راجہ اصغر

راولپنڈی ( ویب ڈیسک) ہولی ہیلپ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر راجہ محمد اصغر خان نے کہاہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں،استاد کا مثبت رویہ بچے کا کردار اور مستقبل سنوارتاہے، راجہ اصغر نے کہا یہی بچے ہیں جنہوں نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہولی ہیلپ ویلفیئر سکول سسٹم گرجا کے زیر اہتمام سالانہ نتائج کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں ہولی ہیلپ ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین عبداللہ صابر ، ہولی ہیلپ ویلفیئر سکول سسٹم کے صدر راجہ اصغر خان والدین ، معززین علاقہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہولی ہیلپ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر راجہ محمد اصغر خان نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ بچہ سب سے پہلے اگر کسی شخصیت کو تسلیم کرتا ہے یا اس کا اثر قبول کرتا ہے تو وہ اس کی ماں ہی ہے۔ مگر ماں کا حلقہ عمل بہت محدود ہوتا ہے۔

انھوں نے کہااس سے آگے استاد کا کردار صحیح معنوں میں شروع ہوتا ہے، جب بچہ گھر اور محلے سے نکل کر اس سے آگے کی دنیا کو کھوجنے کی کوشش کرتا ہے، استاد کا رویہ اگر ایک ہمدرد ، ایک گائیڈ اور ایک مددگار کا ہوگا تو بچہ سیکھنے کے عمل کو خوشی خوشی گزارے گا ۔

راجہ محمد اصغر نے کہا اگر استاد کا رویہ سخت ہوگاتو بچے کی ذہنی صلاحتیں بڑھنے کی بجائے منجمد ہو جائینگی،اس لئے ایک اچھے ماحول میں سیکھنے کا عمل بچوں کی ذہنی صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

اساتذہ کا مثبت رویہ طلبہ کی صلاحتوں کو اجاگر کرتا ہے، ان کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحتوں کو بھی ڈھونڈ سکیں اور انہیں بہتر سے بہتر بنا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ سوسائٹی میں ،یتیم ،بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے موجود ہیں تقریب میں بچوں نے ٹیبلو و ملی نغمے پیش کیے اور شاندارپروفامنس پیش کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

Comments are closed.