شیخ رشید کا وزیراعظم کو جہانگیر ترین سے بات کرنے کا مشورہ

فوٹو: فائل

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر داخلہ شیخ رشید کا وزیراعظم کو جہانگیر ترین سے بات کرنے کا مشورہ، کہتے ہیں کہ اگر 14 سال پرانے مردے اکھاڑنے والے ایک دوسرے کے پاس جا سکتے ہیں تو عمران خان اپنے دوست جہانگیر ترین کے پاس کیو ں نہیں جاسکتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید و فروخت پر کھل کر تنقید کی،ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے 172 ارکان پورے کرنے کا ٹاسک نواز شریف نے آصف زرداری کو دے دیا۔

انھوں نے کہااپوزیشن رہنما خرید و فروخت کر رہے ہیں اوراپوزیشن کی ساری تربیت ہی ارکان کو چھانگا مانگا اور مری لے جانے کی ہے، مگر عمران خان ترپ کا پتہ کھیلیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میں ایک ووٹ کا سیاسی لیڈر ہوں ، میر ا تو مشورہ ہے کہ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات کرنی چاہیے، اگر 14 سال پرانے مردے اکھاڑنے والے ایک دوسرے کے پاس جا سکتے ہیں تو عمران خان کے تو ترین دوست ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پتے سینے کے ساتھ لگا کر چھپا رکھے ہیں۔ آپ کے خرید و فروخت کے جمعہ بازار میں عمران خان سیاسی ڈرون حملہ کرے گا۔
ا
وزیر داخلہ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کی باتیں کرنے والے ووٹ کو ذلت کے گڑھے میں پھینکنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں،وہ جن کو آپ سلام کرنے کے روادار نہیں تھے اب ان کے گھروں میں جا کر طرح طرح کی پیشکش کر رہے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے خبر دار کیا کہ ملک میں جب جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو اس کے نتائج کچھ اچھے نہیں رہتے،یہ سارے مفاد پرست اکھٹے ہو رہے ہیں ان کو ایک خوف اکھٹا کر رہا ہے کہ اب اگر کچھ نہ ہوا تو ان کی کھال اتر جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگروہ تحریک عدم اعتماد لائے اور وہ ناکام ہوئی جو یقینا ہوگی تو پھر اس کے بعد عمران خان مزید طاقتور ہوگا اور آپ کے لیے چیلنج ثابت ہوگا،لندن میں بیٹھ کر گالیاں دینے والے اب منت سماجت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو بکے گا وہ کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، عمران خان جرات کے اس سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں تو اس قسم کا سیاسی انتشار و خلفشار دیکھ رہا ہوں کہ ان کو لینے کے دینے پڑھ جائیں گے، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جارہی ہے، انہیں اندازہ نہیں ہے، روس اور یوکرین، چین اور تائیوان کے کیا حالات ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے ارد گرد جو حالات ہیں، اس وقت پاکستان کو ایک جمہوری اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، لیکن ان کو خوف کھائے جارہا ہے کہ اگر عمران خان مضبوط ہو گیا تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی بکاؤ نہیں ہے اور وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر کوئی ضمیر فروش ہوا تو اس کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہوگی۔

Comments are closed.