عمران کا کچن کوئی اور چلاتاہے اسے عوام کا احساس کیسے ہو؟ مریم نواز
فوٹو: فائل
اسلام آباد( ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پٹرول کی قیمت میں اضافے پر کہا کہ عمران کا کچن کوئی اور چلاتاہے اسے عوام کا احساس کیسے ہو؟ مریم نوازنے کہا کہ ایک ہی جھٹکے میں پٹرول12روپے مہنگا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذہنی حالت پر شک ہوتا ہے، یہ دنیا کے واحد وزیراعظم ہے جو عوام کے خرچے پر بنی گالا میں عیاشی کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس دور حکومت میں ہر روز ملک کی تباہی ہورہی ہے، 12 روپے پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو گئی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام آپ کو کن الفاظ سے یاد کرتی ہے، آپ کے لیے شرم کی بات ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے پرویز مشرف کا دور یاد آتا ہے، گزشتہ روز شہری کیخلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا گیا،اگر غلط کام کئے ہیں تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں۔
خاتون اول کا احترام ہے مگر میں بھی کسی کی بیٹی ہوں ، مجھے گالیاں دی گئیں
مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنی غلطیاں نہیں دیکھتے اور غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو تکلیف دیتے ہیں، جو معیار آپ نے اپنی اہلیہ کیلئے سیٹ کیا ہے وہی دوسروں کی بیٹیوں اور ماؤں کے لیے بھی رکھیں، خاتون اول کا احترام ہے مگر معیار سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سرکاری خرچ پر انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا، کل بھی ریاستی اداروں کو استعمال کرکے انتقام کی سیاست جاری رکھی، میری ماں جب بستر مرگ پر تھیں تو پی ٹی آئی کے لوگ ان کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ ٹھیک ہیں اسپتال میں کھانا کھا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا اسپتال سے لوٹتے ہوئے پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے اپارٹمنٹ کے نیچے کھڑے ہوکر مجھے گالیاں دیتے تھے، ہمارے گھر پر حملہ کیا گیا، مجھے ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا کیا ، مریم نواز نے سوال کیا کہ کیامیں کسی کی بیٹی نہیں؟
لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں ہمارے جوان شہید ہوگئے اور عمران خان چین میں اولمپکس دیکھنے گئے ہوئے تھے، ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، وہ ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں، ان کا بھی احتساب ہوگا، پائی پائی کاحساب دینا پڑے گا۔
تحریک انصاف میں ایم این ایز اور ایم پی ایز فارورڈ بلاک بنا کربیٹھے ہیں،عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی تمام اتحادیوں سے کہوں گی عوام کی آواز پر لبیک کہیں، عوام کو بھی اپوزیشن کی آواز پر لبیک کہنا چاہئے۔
مریم نواز نے اپنے کیس سے متعلق بتایا کہ احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر سے میرے خلاف باربار ثبوت مانگے، لیکن نیب نے عدالت سے چار ہفتے کی مہلت مانگی، یہ لوگ میرے خلاف ایک ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکے۔
اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں، ہر پیشی پر عدالت آتی ہوں، عدالت کی جانب سے نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینا چاہئے، انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف کی فراہمی سے انکارہے۔
Comments are closed.