مری میں بد ترین رش، مزید سیاحوں کی آمد روک دی گئی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مری میں بد ترین رش، مزید سیاحوں کی آمد روک دی گئی، آخری اطلاعات تک شہر میں سوا لاکھ گاڑیاں داخل ہونے پر جگہ جگہ ٹریفک جام ہے.

مری میں برفباری کے ساتھ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری تھا تاہم شہر میں برفباری اور ہنگامی صورتحال کے باعث مزید سیاحوں کے مری داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے.

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ‏مری میں مسلسل برفباری کے باعث ہنگامی صورتحال ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مری میں داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ مری میں داخلہ بند کرنےکا فیصلہ شدید برفباری اور سیاحوں کا رش کی وجہ سے کیا ہے سیاح گاڑیوں میں محصور ہیں ٹریفک میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس متحرک ہے ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی مری اورگلیات جانے والے سیاحوں سے اپیل کی کہ سیاح، بالخصوص فیملیز مری اورگلیات سفر سےگریز کریں۔

انھوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئےرش کی وجہ سے سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پرروکا ہے تا کہ ان علاقوں میں آکر لوگ مسائل کا شکار نہ ہوں.

شیخ رشید نے کہا مری اور گلیات کی طرف جانے والے سیاحوں کو 17 میل انٹرچینج سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

اسی طرح مری جانے والی ٹریفک کو روک کر مری سے واپسی کے راستے سے سیاحوں کو نکالا جائے گا۔ سیاحوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ 24 گھنٹے مصروف عمل ہے۔

سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی ساجد کیانی کی ہدایت پرمری میں سیاحوں کی راہنمائی اور سہولت کے لیے ٹور گائیڈ فورس سر گرم عمل ہے،ٹور گائیڈ فورس ضلعی پولیس اورٹریفک پولیس کے 200کے قریب تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہے.

خصوصی فورس سیاحوں کو راہنمائی، معاونت اور ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھنے کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔مری میں حالیہ برفباری کے دوران پیر کی صبح سے لے کر اب تک 133000 گاڑیاں داخل ہوئیں.

سی پی اوراولپنڈی ساجد کیانی کا بتانا ہے کہ مری میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ ملکر کام کررہے ہیں،مری میں سیاحوں کے رش کے مقامات پر غلط اورغیر قانونی پارکنگ نہیں ہونے دی جائے گی.

انہوں نے ہدایت کی کہ افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ہمار اولین فریضہ ہے،ملک بھر سے آئے سیاحوں کو بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا.

سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کا سفر محفوظ رہ سکے، سیاح کسی بھی مسئلہ،ایمرجنسی اورہنگامی صورتحال میں 0519269200پر رابطہ کریں۔

Comments are closed.