آئی سی سی کے بھارتی صدر کی پی ایس ایل دیکھنے پاکستان آنے سے معذرت
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت سمیت کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے عہدیداروں کو پی ایس ایل دیکھنے کیلئے پاکستان آنے کی دعوت دے دی، بھارتی حکام نے حیلے بہانوں کے ساتھ انکار کردیا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر پی ایس ایل فور کے میچز دیکھنے پاکستان نہیں آئیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے انٹر نیشنل کرکٹ بورڈ کے صدر نے نجی مصروفیت کی وجہ سے پاکستان آنے سے معذرت کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی چیئرمین ڈیوڈ رچرڈسن سمیت دیگر غیرملکی شخصیات پی سی بی کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی ۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے سیکیورٹی ماہرین پاکستان آکر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ پی ایس ایل فور کے کامیاب انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا تصور تبدیل ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش،آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے کرکٹ سربراہان کو بھی کراچی مدعو کیا ہے۔