خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنا شروع

فوٹو : فائل 

ہری پور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، دن بھر پولنگ کے دوران بعض جگہوں پر لڑائی جھگڑے کےواقعات بھی ہوئے۔

بلدیاتی انتخابات کی پولنگ شام 5 بجے ختم ہو گئی تھی جبکہ زیادہ تر حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے امید کی جا رہی ہے آج رات ہی تمام نتائج مکمل ہو جائیں گے.

ان بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا ، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی۔

جن اضلاع میں الیکشن ہوئے ان میں ہری پور، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں.

ان اضلاع میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا ، مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 56 لاکھ 53 ہزار 95 ہے۔

مجموعی طور پر سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 امیدواروں، ویلیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285 امیدواروں میں مقابلہ ہے . 

اسی طرح خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، مزدور کسان کی نشستوں کے لیے 7 ہزار 428، یوتھ نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشتوں پر 293 امیدوار آمنے سامنے ہیں.

سترہ اضلاع میں کل 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں 4188 پولنگ اسٹیشن حساس اور 2507 زیادہ حساس قرار دیے گئے تھے ۔

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ایف سی اور آرمی کے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی موجود رہی .

ادھر پشاور میں 11 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گے۔بلدیاتی انتخابات میں اب تک 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں.

جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان نشستوں پر 285، یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں.

Comments are closed.