او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس آج ہورہا ہے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) او آئی سی
وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس آج ہو رہا ہے ، پاکستان اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے سترہویں غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اسلام آباد میں آج ہونے والا اجلاس سعودی عرب کی دعوت پرطلب کیا گیا ہےجواسلامی تعاون تنظیم کا چیئر مین ہے، پاکستان نے نہ صرف اجلاس بلانے کا خیر مقدم کیا بلکہ میزبانی کی پیشکش کی۔
اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصرین کے علاوہ اقوام متحدہ ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں،امریکہ ، برطانیہ ، فرانس،چین ، روس،جرمنی، اٹلی، جاپان اور یورپی یونین سمیت غیر رکن ممالک کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ بھی وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ چکے ہیں، یہ اجلاس افغانستا ن میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔
ادھراسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے اعلیٰ حکام کا ایک اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا جس میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے ایجنڈے اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا.
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تقریباً 437 مندوبین نے اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لئے اپنا اندراج کرایا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یقین ظاہر کیا کہ تنظیم کے اجلاس میں افغانستان سے متعلق
اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیابی ملے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے اور اس حوالے سے پیشرفت دیکھی جارہی ہے.
Comments are closed.