پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ سے کرانے کا فیصلہ
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ سے کرانے کا فیصلہ کرلیا گیاہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم پر انتخاب کی شق شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
صوبے میں ہونے والے آئندہ بلدیاتی انتخابات کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کرانے سے متعلق لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم پر انتخاب کی شق شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے الیکشن کیلئے ای وی ایم سے انتخاب کی شق شامل کرنے سے الیکشن کمیشن قانونی طور پر بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کرانے کا پابند ہوجائے گا۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت قانون بنا چکی ہے، اب پنجاب حکومت بھی لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔
خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک مشینوں پر کرانے کے فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن شیڈول میں تبدیلی کرے گا کیونکہ مارچ میں انتخابات ممکن نہیں ہوں گے۔
بتایا گیاہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اب الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے کے فیصلہ کے بعد اب ووٹنگ مشین کو نئے بلدیاتی قانون کا حصہ بناکر منظور کرایا جائے گا۔
وفاقی حکومت پہلے ہی اس حوالے سے قانون بنا چکی ہے اور اب پنجاب حکومت بھی ای وی ایم کو لوکل باڈیز ایکٹ کا حصہ بنائے گی جس کے بعد پرانی طرز پر انتخابات ممکن نہیں ہوں گے۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق تین مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن کی رپورٹ مرتب کرنے کے لیے ٹائم فریم بھی مقرر ہے،کمیٹیوں کی سفارشات ملنے پر پانچ رکنی کمیشن اپنی رائے سے حکومت کو آگاہ کرے گا۔
صوبائی الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ ای وی ایم پر الیکشن جیسے پالیسی امور الیکشن کمیشن آف پاکستان طے کرتا ہے، یعنی اس پر حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے نئے مسودہ قانون پر ق لیگ اور پی ٹی آئی میں ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے، ق لیگ نئے بلدیاتی نظام میں دیہی علاقوں کی زیادہ نمائندگی کی حامی ہے ۔
ادھر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی کیلئے پنجاب کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک کی آخری مہلت دی ہے ، اور کہاہے قانون سازی مکمل کریں ورنہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ایک خط میں پنجاب حکومت کو کہا گیا ہے کہ پہلے 30 نومبر تک قانون سازی مکمل کرنے کا حکم دیا تھا اب مزید ایک ہفتے کی مہلت د ی ہے، نوٹیفکیشن نہ ملا توموجودہ ایکٹ کے تحت ہی نئی حلقہ بندیوں کا کام شروع کردیں گے۔
واضح رہے پنجاب میں موجودہ بلدیاتی اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہو رہی ہے ،ادھر خیبرپختونخوا کے17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر کو ہوں گے۔
Comments are closed.