پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی، پٹرول پمپس کھل گئے
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی، پٹرول پمپس کھل گئے حکومت کی طرف سے مطالبہ ماننے کے بعد ہڑتال ختم کی گئی،حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان معاہدہ کے بعد ہڑتال ختم کرنے کے ساتھ ہی اعلامیہ جاری کیا کیا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بند کئے گئے پٹرول پمپ کھول دیئے گئے ہیں۔
وزارت توانائی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق ہوگیا ہے، پٹرولیم ڈویژن ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے 99 پیسے اضافے کی منظوری لے گی۔
اعلامیہ کے مطابق 6 ماہ بعد مارجن میں مہنگائی کے تناسب سے ردو بدل پر بھی اتفاق کیا گیا،ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران ڈیلرز کو حتمی جواب دیا تھا کہ وہ 99 پیسے سے زیادہ مارجن نہیں بڑھا سکتے۔
ڈیلرز سے کہا گیا تھا کہ اب مزید ہڑتال جاری رکھنی ہے یا نہیں یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیلرز ایسوسی ایشن حکومت کے اس جواب کے بعد ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئی بلکہ کہا گیا کہ جلدی کریں ہم نے ہڑتال ختم کرنے کااعلان بھی کرنا ہے۔
حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی، ڈیزل پر مارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے مقرر کیا جائے گا جب کہ پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے کردیا جائے گا۔
معاہدہ کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنی رہائش گاہ پرایسوسی ایشن کی عہدے داران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی پریشانی کا احساس تھا اور بہت مجبوری میں یہ قدم اٹھانا پڑا، ہم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے موقف میں لچک دکھائی اور حکومت کی جانب سے پیٹرولیم۔ڈیلرز کا مارجن 4.4 فیصد کرنے کی یقین دہانی کی بعد ہڑتال ختم کردی ۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم ڈویژن نے مارجن میں اضافہ کی سمری میں پیٹرول اور ڈیزل پر موجودہ مارجن میں 25.20 فیصد اضافہ کی تجویز دی ہے جس کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کا پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے ۔
ڈیزل پر 3.30 سے بڑھ کر 4.13 روپے مقرر کرنے کی حکومتی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظر ثانی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے پٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات مان لیے ہیں اور یقین دہانی کروائی کہ منافع میں 99 پیسے یا 25 فیصد اضافے کی سمری بھیجی گئی ہے، اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ ہر 6 ماہ بعد منافع کا جائزہ لیا جائے گا۔
Comments are closed.