ووٹ کا حق ملنے سے اوورسیز پاکستانیوں کی قدر ہو گی، وزیراعظم

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیدیا ہے اورانہیں پاکستان کی سیاست و جمہوریت میں شامل کرلیا ہے تو آئندہ حکومتیں بھی ان کی قدر کریں گی.

سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم نے اوور سیز پاکستانیوں کو اثاثہ نہیں سمجھا۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو جمہوری نظام میں شامل کرنے پر خوشی ہے لیکن پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے نہیں چاہتے کہ تبدیلی آئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے اندر ہم نے چیک اینڈ بیلنس کے لیے آٹومیشن کی بات کی مگر وہیں کے لوگوں نے عدالت میں جا کر حکم امتناعی لے لیاانہوں ںے انکشاف کیا کہ ایف بی آر کے لوگ آٹومیشن آنے ہی نہیں دیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت کے پاس پیسہ نہیں آتا لیکن ٹیکس جمع کرنے والے پیسہ بناتے ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے کوشش کی جارہی ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم آئے تو اب ہماری تین سالہ کاوش کا نتیجہ ہے کہ آئندہ ہفتے سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لانے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ای وی ایم مشین پوری دنیا میں کام کررہی ہے اور ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہونا چاہیے، سب کو پتہ ہے کہ سینیٹ میں پیسہ چلتا ہے مگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی اوپن بیلٹ کے خلاف کھڑے ہو گئے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ سارے وہ لوگ ہیں جو کرپٹ سسٹم کو بچانا چاہتے ہیں اس وقت ملک کو آگے بڑھانے اور کرپٹ سسٹم کو بچانے کی جنگ ہورہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کیوں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے روکنا چاہتے ہیں؟

عمران خان نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ آئی ووٹنگ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی انتخابا ت میں حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش پاکستانیوں کی وجہ سے ملک چل رہا ہے، پاور آف اٹارنی کا حصول بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بڑا مسئلہ تھا اور اوورسیز پاکستانیوں کو بہت مشکلات کا سامنا بھی تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اوورسیز پاکستانی ساتھ دیتے ہیں لیکن جب بھی بزنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں نقصان ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہاں کام کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں بد قسمتی سے اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹس پر قبضہ ہو جاتا ہے لیکن جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو اوورسیز پاکستانی ہی بھرپور مدد کرتے ہیں

واضح رہے کہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے پاور آف اٹارنی کی تصدیق کی جا سکے گی اور ذاتی موجودگی ضروری نہیں ہو گی، ڈیجیٹل پورٹل نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہو گا۔ ابتدائی طور پر ڈیجیٹل پورٹل 10 ممالک میں شروع کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.