ٹی ایل پی کے قائدسعد رضوی کو جیل سے رہا کردیاگیا
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ٹی ایل پی کے قائدسعد رضوی کو جیل سے رہا کردیاگیا، کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ جیل نے سعد رضوی کی رہائی کی تصدیق کردی ۔
ترجمان تحریک لبیک پاکستان نے بھی مولانا سعدر ضوی نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مولانا سعد رضوی مسجد رحمت للعالمین پہنچ گئے ،اس سے قبل حکومت کی طرف سے اپیل واپس لینے پر سیکڑوں کارکن بھی رہا کئے جا چکے ہیں۔
ٹی ایل پی کے ترجمان ابن اسمٰعیل کا کہنا ہے کہ مولانا سعد رضوی ٹی ایل پی کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین میں کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے، پنجاب حکومت نے گزشتہ ہفتے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا تھا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا، ذرائع کے مطابق ان کے علاوہ مجمو عی طورپر577افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے گئے۔
واضح رہے مولانا سعد رضوی کو رواں سال 12 اپریل کو سعد رضوی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سے گرفتار کیا گیاتھا،ردعمل کے احتجا ج کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کی گئی جو بعدمیں ایک معاہدہ کے تحت ختم کردی گئی۔
ٹی ایل پی ذرائع کے مطابق سعد رضوی کل اپنے والد علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔
Comments are closed.