پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفیٰ کی تصدیق کردی

لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفیٰ کی بورڈ کی طرف سے بھی تصدیق کردی گئی ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق وسیم خان نے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور بورڈ آف گورنرز اس معاملے پر غور کرے گا،انھوں نے یہ استعفیٰ گزشتہ روز نئے چیئرمین رمیض راجہ کو پیش کیا تھا۔

وسیم خان سابق چیئرمین احسان مانی کے دور میں مقرر کئے گئے تھے اور ان کی مدت ملازمت فروری تک تھی تاہم انھوں نے نئے چیئرمین پی سی بی کے ساتھ چلنے میں مشکلات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیاہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق رمیض راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کروانا چاہتے ہیں اور اپنی ٹیم کے ساتھ اپنے پروگرام پر عمل درآمد چاہتے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیض راجہ نئی پوسٹ لانے کے خواہشمند ہیں جس کے بعد چیف ایگزیکٹو کے اختیارات چیئرمین کے پاس ہوں گے وہ فیصلہ سازی اپنے پاس رکھ کر آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں۔

چیئرمین کے پاس چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کا بھی آئینی جائزہ لیا جا رہا ہے اسی لئے وسیم خان نے بھی اختیارات کی کمی کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق رمیض راجہ ڈائریکٹر کرکٹ کیلئے ایسے نام پر غور کریں گے جو کہ ان کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے پروگرام پر چل سکیں۔

Comments are closed.