پارلیمانی سیکرٹری فضل الٰہی کا واپڈا و سوئی گیس دفاتر کو تالے لگانے کااعلان

فوٹو: فائل

پشاور(ویب ڈیسک )خیبرپختونخوا حکومت کے پارلیمانی سیکرٹری بلدیات حاجی فضل الٰہی نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کرنے پرمتعلقہ دفاتر کو تالے لگانے کااعلان کردیا۔

پشاور میں منعقدہ جرگے میں بات کرتے ہوئے فضل الہی کا کہنا تھا کہ محکمہ سوئی گیس اور پیسکو افسران پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ یہ محکمے یا ان کے افسران گیس پریشر اور بجلی کا مسئلہ بنا کر پی ٹی آئی کو بدنام کرنے کے مرتکب ہورہے ہیں ان کے خلاف احتجاج میں شامل ہوں گا۔

حاجی فضل الٰہی نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلوں گا اور واپڈا ہاؤس و سوئی گیس دفاتر کو تالے بھی لگانے پڑے تو لگائیں گے۔

فضل الہیٰ نے کہا کہ عوام اب مزید تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، اب ظالم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے، گیس پریشر اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے اور اگرپھربھی مسائل حل نہ ہوئے تو پھر محکمہ سوئی گیس اور واپڈا ہاؤس کو تالے لگائے جائیں گے۔

Comments are closed.