مصباح الحق اور وقار یونس عہدوں سے دستبردار، ثقلین اورعبدالرزاق کی انٹری
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بحیثیت عبوری ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
دستبرداری کے حوالے سے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاہے کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، جانتا ہوں کہ یہ ایسا کرنے کا آئیڈیل وقت نہیں ۔
انھوں نے کہا کہ فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکوں۔ مصباح الحق نے کہا کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔
دوسری طرف باولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستانی نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں۔
وسیم خان نے کہاکہ وقار یونس نے بھی جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے، ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا، واضح رہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019ء میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
Comments are closed.