پاکستان میں ابھی تک نئے افغان مہاجرین داخل نہیں ہوئے ، فواد چوہدری
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ابھی تک نئے افغان مہاجرین پاکستان داخل نہیں ہوئے ہیں کیونکہ وہاں حالات اتنے خراب نہیں ہیں کہ لوگ ملک سے ایسے بھاگی۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانیوں نے پاکستان کا رخ کیا تو س بار ہماری پالیسی ہے کہ افغان مہاجرین کو شہروں میں نہیں سرحدوں پر ہی رکھیں گے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ افغان معاملے پر پاکستان کی تجویز کو پہلے بھی نہیں سنا گیا، وزیرِ اعظم عمران خان نے سابق افغان صدر اشرف غنی کو الیکشن نہ کرانے کی تجویز دی تھی آج حالات سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں حالات مستحکم رہیں، طالبان پر پاکستان کا اثر و رسوخ ہے، لیکن کنٹرول نہیں ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کابل ایئر پورٹ جلد کھل جائے۔
انھوں نے واضح کیا کہ افغان معاملے پر حکومت پاکستا ن کوشش کررہی ہے کہ فیصلے تنہائی میں نہ کریں، پی آئی اے واحد ایئر لائن ہے جس نے مزار شریف میں انسانی امداد پہنچائی ہے۔
وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم نے انخلاء میں امریکا سمیت مختلف ممالک کی بھی معاونت کی ہے، برطانیہ کی جانب سے بھی درخواستیں آ رہی ہیں، انخلاء میں ہم نے تمام دنیا کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ 27 سو میں سے 26 سو کلو میٹر سرحد پر اب باڑھ لگ چکی ہے اس سے ہمارا بارڈر کنٹرول مزید موثر ہو گیاہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن میں آمد و رفت ہوتی رہتی ہے، لیکن لوگ وہاں سے آگے نہیں جاتے اور تاجر طبقہ زیادہ ہوتاہے۔
Comments are closed.