بالاکوٹ،شاہد خاقان عباسی کامسلم لیگ ن کے انتخابی جلسہ سے خطاب
بالا کوٹ (زمینی حقائق )سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ہونے والی مہنگائی کی مثال نہیں ملتی۔ موجودہ حکومت نے حاجیوں کو بھی معاف نہیں کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے بالاکوٹ میں مسلم لیگ نون کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام عمران خان کی حکومت سے خیر کی توقع نہیں کر سکتے ہیں۔ آج ہر شخص مہنگائی کو محسوس کر رہا ہے جب کہ ملک کے حالات خراب ہونے کا جواب کسی کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو عوام کا امتحان ہے اور 26 فروری کو پیغام دینا ہے کہ موجودہ حکومت کو مسترد کرتے ہیں۔ عوام میں بے انتہائی مایوسی پھیلی ہوئی ہے اور حالات بہتر ہونے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان منتخب نہیں بلکہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں جب کہ ملک میں ترقیاتی کام صرف نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کی تاریخ بدلنے والا منصوبہ موٹروے ہے اور یہ منصوبہ صرف نواز شریف کا ہے۔ آج ملک سے بجلی کا بحران ختم ہو چکا ہے جب کہ بالاکوٹ تک گیس منصوبے کے پیسے ہماری حکومت محکمہ کو دے چکی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جتنی مہنگائی عمران خان کی حکومت میں ہوئی، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ موجودہ حکومت کا چھ ماہ میں جو حال دیکھا ہے ان سے خیر کی کوئی توقع نہ رکھی جائے جب کہ نواز شریف پر لگائے گئے الزامات کا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات بہتر ہونے کی کوئی امید نہیں ہے، ملک میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس کی قیمت نہ بڑھائی گئی ہو جب کہ حکومت نے اپنا جھوٹ چھپانے کے لیے اسمبلی کا ماحول خراب کر رکھا ہے تاکہ کسی مسئلے پر اسمبلی میں بات نہ ہو سکے۔