ٹریفک حادثہ کا زخمی اسپتال میں پانی بھر جانے سے چل پسا
ایبٹ آباد (شکیل تنولی ) ایوب میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ایبٹ آباد کے آئی سی یو وارڈ میں بارش کا پانی داخل ہو جانے سے پبلک فرنٹ کے ممبر سید شانی شاہ کے کزن قاری مظہر ارشاد زندگی کی بازی ہار گئے ۔
بتایا گیاہے کہ 16 جون کو بالاکوٹ کے مقام پر جیپ حادثے کا شکار ہونے والے قاری مظہر ارشاد شدید زخمی ہو کر ایوب کمپلیکس ہسپتال ایبٹ آباد میں زیر علاج تھے اور اُن کی ہیڈ انجری کا علاج جاری تھا۔
گذشتہ روز ایبٹ آباد میں ہونے والی شدید بارش کا پانی ہسپتال میں داخل ہونے سے آئی سی یو وارڈ میں داخل قاری مظہر ارشاد کے علاج کیلئے لگائی گئی الیکٹرک مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کے باعث وہ موت کے منہ میں چلے گئے۔
قاری مظہر ارشاد کا بیڈ بھی تقریباً بارش کے پانی میں ڈوب چکا تھا اس دوران مختلف مریضوں کے ورثاء بیڈز کھینچ کر باہر لے جاتے رہے تاہم اس زخمی کو کھینچ کر باہر لے جانا بھی خطرناک تھا ۔
اس طرح ٹریفک حادثہ میں بچ جانے والا شخص اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے سبب مبینہ طور پر چل بسا، ایو ب میڈیکل کمپلیکس میں اس طر ح پانی بھر جانے کے بعد شہریوں میں مزید بے چینی پھیل گئی ہے کیونکہ بارشوں کاموسم ابھی شروع ہوا ہے۔