بھارتی فوجی بھی سامان چھوڑ کر افغانستان سے بھاگنے لگے
کابل (ویب ڈیسک )بھارتی فوجیوں نے بھی افغانستان کے بدلتے حالات کے پیش نظر افغانستان سے بھاگنا شروع کردیاہے اور گزشتہ چند دنوں میں افغانستان میں تعینات بھارتی فوجی سامان چھوڑ کر بھاگتے نظر آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی بگرام ائیربیس سے گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی کارگو طیاروں کی متعدد پروازیں بھارت روانہ ہوئیں۔ ان پروازوں کے ذریعے بھارتی فوجی اہلکار اور دیگر حکام جلد بازی میں اپنا سامنا چھوڑ کر بھارت واپس چلے گئے۔
افغانستان کے بدلتے حالات کی وجہ سے افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کیلئے افغانستان میں بیٹھے بھارت کے فوجیوں اور دیگر سٹاف کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔
جوں جوں طالبان کابل کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں،امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان اور بھارت میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے ، امریکہ کے بعد افغانستان میں موجود بھارتی فوج اور دیگر حکام نے بھی واپسی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
امریکی اور اس کی اتحادی افواج بھی جلد بازی میں افغانستان سے فرار ہو رہے ہیں جس پر برطانوی وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کا افغانستان سے جانے کا فیصلہ اپنا تھا جب کہ ہم واپسی پر مجبور ہوئے ۔
امریکا نے بگرام ہوائی اڈہ رات کی تاریکی میں بغیر بتائے خالی کیا اور امریکی فوج نے روانگی کے وقت ہوائی اڈے کی روشنیاں بند کیں جب کہ اس حوالے سے نئے افغان کمانڈرکو آگاہ بھی نہیں کیا گیا۔
افغان فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے نئے کمانڈرکو امریکی افواج کی روانگی کا 2 گھنٹے بعد علم ہوا۔بگرام ہوائی اڈے کے نئے افغان کمانڈر جنرل میر اسداللہ کوہستانی نے خبرکی تصدیق کی۔
انھوں نے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جب ہم نے سنا کہ امریکی فوج نے بگرام ہوائی اڈہ خالی کردیا ہے تو ہم اسے افواہ سمجھے لیکن صبح 7 بجے کے قریب معلوم ہوا کہ امریکی فوجی واقعی جاچکے ہیں۔