پاکستان سپر لیگ 6،پلے آف مرحلہ آج سے شروع ہو گا
ابوظہبی (خان افسر )پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن
کے پلے آف مرحلے کا آغاز آج ہوگا ،پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندر کی ٹیمیں اس ایونٹ سے آوٹ ہو گئی تھیں۔
متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل 2021 کے لیگ کے بقیہ میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا،کورونا وائرس کے باعث 14میچز کے بعد پاکستان میں ایونٹ روک دیاگیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پوائنٹس کے حساب دیگر ٹیموں کے برابر تھی تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر رہی۔
پی ایس ایل 2021 کے پہلے کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیمیں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز آج مد مقابل ہوں گی
اور ان میں سے جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں جگہ بنالے گی۔
چھٹے ایڈیشن کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود سابق چمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چمپیئن کراچی کنگز کے درمیان دوسرا پلے آف کھیلا جائے گا۔
دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم کو 22 جون کو پہلے پلے آف کی شکست خوردہ ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا اور یہاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم 24 جون کو فائنل کھیلے گی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچزمیں ملتان سلطانز کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر تھی تاہم ابوظہبی میں سلطانز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 5 میں سے چار میچ جیت کر نہ صرف 10 پوائنٹس حاصل کیے بلکہ بہترین رن ریٹ بھی حاصل کرکے دوسری پوزیشن سنبھال لی۔
پاکستان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں بدترین کارکردگی دکھائی اور مسلسل شکستوں کے بعد پلے آف میں بھی جگہ نہیں بنا سکی۔
سرفراز احمد کی زیر قیادت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز صرف 2 میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری پوزیشن پر رہ گئی اور آخری میچ میں بھی سرفراز کی ٹیم کو کراچی کنگز نے باآسانی شکست دے کر ناکامیوں کے سلسلہ کو مزید آگے بڑھایا۔