سعودی ولی عہد محمد بن سلمان روانہ، وزیر اعظم ،آرمی چیف نے رخصت کیا
اسلام آباد(زمینی حقائق )سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد روانہ، ایئر پورٹ سے وزیراعظم عمران خان ، کابینہ کے ارکان اور آرمی چیف نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزرا سمیت اہم شخصیات نے معزز مہمان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایوان صدر سے رخصت کیا جب کہ نور خان ایئربیس پر وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت اہم شخصیات نے معزز مہمان کو الوداع کہا.
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان نے کابینہ ارکان سے الوداعی مصافحہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے آمد کی طرح جاتے ہوئے بھی ولی عہد کی گاڑی کو خود ڈرائیو کی اور معزز مہمان کو نور خان ایئربیس پہنچایا۔
ایوان صدر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیاعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے شرکت کی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں آرمی بینڈ کا خصوصی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان خوشگوار غیر رسمی بات چیت ہوئی۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایون صدر پہنچے۔ انھیں گھڑ سوار دستے کے ساتھ خصوصی بگھی میں لایا گیا۔ مخصوص لباس میں ملبوس گھڑ سوار مسلح افواج کا چاق وچوبند دستہ خصوصی بگھی میں معزز مہمان کو وزیراعظم ہاوٴس سے لے کر روانہ ہوا۔
محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان خوشگوار موڈ میں دکھائی دئیے، جہاں وزیراعظم عمران خان خوش نظر آئے وہیں ولی عہد محمد بن سلمان کے چہرے پر بھی مسرت و شادمانی جھلکتی نظر آئی۔
ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے معزز مہان کو خوش آمدید کہا اور گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ معزز مہمان کو خوش آمدید کہنے والوں میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری بھی شامل تھے۔
ادھر وزیراعظم ہاوٴس میں آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل اصف غفور اور سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کو تحائف پیش کئے جن میں محمد بن سلمان کا پنسل سے بنایا پورٹریٹ اور گولڈ پلیٹڈ بندوق شامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بندوق خصوصی طور پر آرڈننس فیکٹریز واہ سے تیار کرائی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے والے 10 رکنی وفد میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، وزیر مملکت علی محمد خان، حکومتی ارکان عامر ڈوگر، شبلی فراز، اعظم سواتی اور اورنگزیب اورکزئی شامل تھے۔
اپوزیشن کی نمائندگی مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق اور مشاہد اللہ خان نے کی، پیپلزپارٹی کی شیری رحمان خراب موسم کے باعث کراچی سے اسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔
نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور فواد چودھری سمیت اہم شخصیات نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو رخصت کیا۔