سندھ میں رات8بجے کے بعد غیر ضروری گھومنے پھرنے پر پابندی
کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سندھ میں رات6بجے کارروبار تو بند ہو گا ہی رات8بجے کے بعد لوگوں کے غیر ضروری گھومنے پھرنے سے بھی منع کردیا گیا، پولیس بازپرس کرے گی۔
یہ فیصلہ کورونا ٹاسک فورس کے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا جس کے بعد آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والوں کو روکنے کی ہدایت کردی گئی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ کاروبار کیاوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے ہوں گے، ڈیپارٹمنٹل اور سپر اسٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق جمعہ اور اتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے، وزیراعلیٰ نے کمشنر کو ہدایت کی کہ کراچی میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
بعد میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی کہا کہ کل سے رات 8 بجے کے بعد لوگوں کو غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی، میں خود شہر کے سرپرائز دورے کروں گا، اگر اوقات کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کروں گا۔
وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ کل سے ہی رات 8 بجے کے بعد لوگوں کو غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیر اعلیٰ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والوں کو روکنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ عوام تعاون کریں ، ہم نے دو ہفتے پابندیوں پر مکمل عمل کیا تو آگے آسانی ہوگی، آئندہ 2 ہفتوں میں کورونا کیسز کم ہوجائیں گے، کیسز کم ہونے پر شہر کو کھولنے کی طرف جاسکتے ہیں۔
اس سے قبل کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پورے ملک میں جتنے بھی کیسز ہیں ان کا 50 فیصد سندھ میں ہیں، کراچی ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں ایس او پیز کی زیادہ شکایات مل رہی ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں کیے گئے ٹیسٹ کے 21 فیصد کیسز مثبت ہیں، جنوبی میں 16 فیصد، وسطی میں 10 فیصد کیسز ہیں جبکہ حیدرآباد میں 11 فیصد، دادو 10 فیصد، سکھرمیں 8 فیصد کیسز ہیں۔
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دی کہ 23 مئی تک 261 کوویڈ مریض انتقال کر گئے ہیں، وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے، آکسیجن پر 604 مریض اس وقت موجود ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 90 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے، ملتان میں 83، لاہور میں 177 اور اسلام آباد میں 31 مریض داخل ہوئے۔