عثمان بزدار نے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کو مطمئن کردیا
فوٹو: اسکرین شاٹ
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام )تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے ہم خیال ارکان اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب نے مطمئن کردیا،عثمان بزدار نے کہا ہماری جماعت کانام ہی تحریک انصاف ہے نا انصافی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے اراکین میں سعید اکبر نوانی، نعمان لنگڑیالم اجمل چیمہ، عون چوہدری، عمر آفتاب، نذیر چوہان اور زورا وڑائچ شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں تحفظات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی تو جواب میں ملاقات کرنے والے سب اراکین اسمبلی نے وزیراعلی پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
سعید نوانی نے کہا ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور آپ کے پاس اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں، تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اور اس جماعت سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جواب دیا ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور میرے دروازے آپ سب کے لئے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی اور نہ آئندہ کریں گے۔
عثمان بزدار نے انھیں یقین دلایا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اکبر نوانی نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حقیقت ہے، پہلے بھی کہا تھا افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ہم نے کھل کر بات کی، بجٹ بھی ڈسکس کیا، ہم حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیراعلیٰ سے جو بات ہوئی اس پر مکمل مطمئن ہیں۔
سعید نوانی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ شفاف انکوائری ہوئی اس کا جو بھی نتیجہ آئے گا قبول ہوگا۔
ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ آج ہمارا وفد وزیراعلیٰ سے ملا ہے، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ جہانگیر ترین سے ناانصافی نہیں ہوگی، ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔
واضح رہے جہانگیر ترین کے مقدمات کی وجہ سے چند ارکان اسمبلی کے تحفظات ہیں جھنوں نے پہلے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی تھی اور جہانگیر ترین کی طرف سے پنجاب حکومت سے شکایت پر اب عثمان بزادار سے ملاقات کی ہے۔