یورپی پارلیمنٹ کی پاکستان مخالف قرارداد لاعلمی کااظہار ہے،پاکستان

0

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان نے یورپی پارلیمنٹ میں منظور کی گئی قرارداد پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے عدالتی نظام اور قوانین سے متعلق غیرضروری تبصرہ قابل افسوس ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالت قوانین سے متعلق قرارداد پرمایوسی ہے یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد سے پاکستان میں توہین رسالت قوانین اور مذہبی حساسیت سے لاعلمی کا اظہار ہوتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت، فعال سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور خودمختار عدلیہ موجود ہے، تمام شہریوں کے بلاامتیاز انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔

دفترخارجہ کے مطابق ہمیں اپنی اقلیتوں پرفخر ہے جن کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور اقلیتوں کو آئین کے مطابق ان کی بنیادی آزادیوں کا مکمل تحفظ ہے۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں عدالتی و انتظامی میکانزم موجود ہے، پاکستان نے تحمل اوربین المذاہب ہم آہنگی کے پرچار میں اہم کردار ادا کیا ہے، ضرورت ہے کہ عالمی برادری فوبیا، عدم برداشت اور تشدد کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کرے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اوریورپی یونین میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پربات چیت کیلئے کئی میکانزم ہیں، جمہوریت، قانون کی حکمرانی، گورننس اور انسانی حقوق پر بات ہوسکتی ہے، باہمی دلچسپی کے امور پر یورپی یونین سے مثبت روابط جاری رکھیں گے۔

واضح رہے یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی ہے، 6 کے مقابلے میں 681 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی اورارکان پارلیمنٹ نے فرانس اور پاکستان کے تنازع میں فرانس سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس پر نظر ثانی کرنے اور اقلیتوں سے متعلق امتیازی قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.