قومیں وسائل کی کمی نہیں حکمرانوں کی کرپشن سے تباہ ہوتی ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مجھے اپنی ڈھائی سال کی کارکردگی پر فخر ہے یاد رکھیں قومیں وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوجاتی ہیں۔
تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سیاست میں آیا ہوں میرا مقصد ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں جو دنیا بھر سے تصدیق شدہ ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سسٹم کی وجہ سے کوئی دھاندلی نہیں کرسکتا ہے.
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارا ملک بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچا اگر سعودی عرب، یواے ای اور چین نے ہماری مدد نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ ہوجاتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارا سات آٹھ ماہ سے سرپلس میں جا رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ نے بھی زبردست پر فارمنس دی جب کہ پاکستان میں تعمیراتی شعبہ سب سے زیادہ ترقی کررہا ہے اور ملک میں سیمنٹ کی پیدا وار ریکارڈ ہوئی ہے۔
عمران خان نے اپنے مستقبل کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ م دو نئے شہر اور دو ڈیمز بنانے جا رہے ہیں۔ کل سے کسان کارڈ کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کو خصوصی رعایتیں دے رہےہیں اور کمزور طبقے کیلیے پہلی بار گھر بنا رہے ہیں۔