رمیض راجہ نے ٹیسٹ چمپئن شپ کی پوائنٹس سسٹم پر سوال اٹھادیا
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیض راجہ نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے دورانیہ پر سوال اٹھا دیاہے اور کہا ہے کہ پاک بھارت مقابلوں کے بغیر کوئی وقعت نہیں تھی۔
ایک یوٹیوب انٹرویو میں کمنٹیٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیض رجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے علاوہ دیگرٹیموں نے بھی برابر میچز نہیں کھیلے اور پوائنٹس سسٹم بھی درست نہیں تھا۔
انھوں نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے سائیکل میں پاک بھارت مقابلے شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے د ورانیہ میں روایتی حریف پاک بھارت مقابلوں کے بغیر کوئی وقعت نہیں تھی۔
رمیض راجہ نے مشورہ دیا کہ آئی سی سی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے الگ سے 3 ماہ کی ونڈو رکھنی چائیے جس میں تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا موقع ملے، چیمپئن شپ کے اگلے دورانیے میں دوسری کوئی کرکٹ نہیں ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہ جب ٹیسٹ چمپئن شپ کی مدت میں کسی اور طرز کی کرکٹ نہیں ہوگی تو تب ہی ٹیسٹ فارمیٹ کی مقبولیت بڑھے گی اور سپانسرز بھی کھنچے چلے آئیں گے۔
رمیض راجہ نے پاکستان ٹیم کی غیر ملکی میدانوں پر مایوس کن پرفارمنس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیرملکی دورے کی تیاری 6 ماہ قبل ہی شروع ہوجانی چائیے۔
سابق کپتان نے پاکستان ٹیم کے کوچ مصبا ح الحق کو بھی مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہیڈ کوچ ہیں اسے لیے انہیں اپنا مزاج بدلنا ہوگا، جارحیت ہمارے کرکٹرز کے ڈی این اے میں رچی بسی ہے۔
انھوں نے کہا مصباح الحق کو بھی نئے دور کی سوچ اپنانی ہوگی، بعض اوقات وہ حد سے زیادہ محتاط نظر آتے ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے تو پھر انہیں خوف کس بات کا ہے؟