پنجاب،26 تحصیلوں میں ہائوسنگ سکیم ، صحافیوں کیلئے 4 ہزار فلیٹس

0

فوٹو : فائل

اسلام آباد(اے پی پی) پنجاب پیری اربن ہائوسنگ سکیم کے تحت چھوٹے شہروں اور قصبوں میں مزدوروں اور دیہاڑی دار طبقات کوچھت فراہم کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں 26 تحصیلوں میں 3 ہزار کنال پر مشتمل منصوبے کا آغاز اپریل سےہو گا.

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ صحافیوں کے لئے فراش ٹائون میں 4 ہزار فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے، ماضی میں اپنوں کو پلاٹوں سے نوازا گیا اب میرٹ پر فلیٹس دیئے جارہے ہیں.

شہباز گل نے کہاکہ عوام کو ہر ہفتے ہائوسنگ منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چند سال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں انقلاب آیا ہے اور یہ انقلاب حکومت کی جانب سے سازگار ماحول فراہم کرنے کے نتیجہ میں آیاہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعمیرات کے شعبہ کی ترقی اور اس میں تیزی لانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا ہے۔ ہائوسنگ کے شعبہ میں قرضہ کی فراہمی کے نظام میں بہتری لائے ہیں تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جی ڈی پی کا 80 فیصد قرضہ ہائوسنگ کے شعبہ کو دیاجاتا ہے جبکہ بھارت میں 12 فیصد قرضہ اس شعبہ کے لئے دیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بہت کم قرضہ تعمیرات کے شعبہ کے لئے دیا جاتا ہے۔

عام شہری بھی قرضہ کے حصول میں مسائل اور زیادہ سود شرح منافع ہونے کے باعث قرضہ لینے سے کتراتے ہیں تاہم موجودہ حکومت نے شرح منافع میں نمایاں کمی کی ہے۔ ا س شعبہ کو فروغ دینے کے لئے قرضوں پر شرح منافع میں مزید کمی بھی لائی جائے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے 50 لاکھ گھروں کے ویژن پر عملدرآمد کے تناظر میں نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی نے نظام وضع کیا ہے۔ اب شہری چند کاغذت دے کر آن لائن طریقہ سے آسانی سے قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔

حکومت کی اس پالیسی سے تعمیراتی شعبہ میں انقلاب آئے گا اور حکومت کا 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ ملازمتوں کی فراہمی کے وعدے کو پورا کرنےمیں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی پالیسی اور موجودہ پالیسیوں میں واضح فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں منظور نظر افراد کو پلاٹوں سے نوازا گیا۔ بڑے شہروں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی اور چھوٹے شہروں کو نظر انداز کیا گیا۔ پنجاب پیری اربن سکیم شروع بھی کی جا رہی ہے جس کے تحت چھوٹے شہروں اور قصبوں میں دیہاڑی دار مزدوروں اور غریب شہریوں کو چھت فراہم کی جائے گی۔

پہلے مرحلہ میں 20 اضلاع کی 26 تحصیلوں میں 3 ہزار کنال پر اپریل سے اس منصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کو 21 ہزار 700 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 10 ہزار 239 درخواستوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

کم آمدن والے غریب افراد کو یہ فلیٹ 14 لاکھ میں دیاجائے گا۔ حکومت پہلے ایک لاکھ گھروں پر 3 لاکھ روپے سبسڈی بھی فراہم کرے گی۔ ان گھروں کی ماہانہ قسط 5700 روپے بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب سرکاری زمین بڑے مگر مچھوں کو نہیں ملے گی بلکہ اس پرغریب لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس منصوبے کے لئے وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے اور پنجاب بینک اس منصوبے میں شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں یہ منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کی شراکت داری سے گھر تیار کرکے فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کے لئے فراش ٹائون اسلام آباد میں 4 ہزار فلیٹس پر مشتمل منصوبے پر کام اپریل میں شروع ہو گا۔ صحافیوں کو 27 لاکھ روپے میں تیار شدہ گھر فراہم کیا جائےگا۔

نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور سی ڈی اے مل کر اس منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں معیار یقینی بنانے کے لئے این ایل سی او ایف ڈبلیو او سے تعمیرات کا کام لیا جا رہا ہے.

یہ اس لیے کہ جب کوئی پرائیویٹ بلڈرز بھی اس تعمیراتی کام میں حصہ لینا چاہے تو وہ مقررہ معیار کے مطابق کام کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ریور راوی پراجیکٹ لاہور میں پہلے مرحلہ میں 2 ہزار یونیورسٹی فریش گریجوایٹس کو ایک سال کے لئے بھرتی کیا جا رہا ہے۔

یہ گریجوایٹس ، انجینئرز، ٹائون پلاننر سمیت تمام شعبوں سے ہوں گے۔ اس سے نہ صرف نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ انہیں تربیت حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے اور وہ مستقبل میں ہائوسنگ منصوبوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

اس حوالے سے یونیورسٹیوں سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعمیراتی شعبہ سے وابستہ صنعتوں کے فروغ سے مزدوروں کو روزگار ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ اقدامات ایک کروڑ ملازمتوں اور 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کا کام صرف جوہر ٹائون کے پلاٹس بیچنا اور کک بیکس اور کمیشن کھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں لوگوں کو گھر تعمیر کے کرائے پر دیتی تھیں لیکن اب یہ گھر مالکانہ حقوق پردیئے جا رہےہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں فلیٹس کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرنے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذلفی بخاری کی کاوشوں کی تعریف کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.