میاں صاحب کو واپس بلانے کا کسی کو حق نہیں ، مریم نواز
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کسی کو نواز شریف کو وطن واپس بلانے کا حق نہیں ہے جس نے بات کرنی ہے مجھ سے کریں۔
پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سب سے سخت اور لمبی جیل میاں نواز شریف نے کاٹی ہے،نواز شریف ابھی صحت یاب نہیں ہوئے انہیں بلا کر ان کی زندگی خطرے میں نہیں دال سکتے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو واپس بلانا ان کی زندگی قاتلوں کے حوالے کرنا ہوگا، انہیں بلا کر ان کی زندگی خطرے میں نہیں دال سکتے، ملک کو نواز شریف کی صلاحیتوں اور بصیرت کی ضرورت ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھاکہ میاں صاحب خود انگلینڈ میں ہیں لیکن ان کی پارٹی فعال ترین پارٹی ہے، پوری جماعت ان کی قیادت میں لڑ رہی ہے، پی ڈی ایم آپ کے سامنے اور عملاً بھی نظر آرہی ہے،حکومت ختم ہوگی۔
ہمیں زندہ لیڈرز چاہئیں، ماضی میں جو لیڈرز ہم گنوا چکے ہیں ان کا ازالہ نہیں ہوسکتا، میں مسلم لیگ اور نواز شریف کی نمائندہ ہوں جس کو بات کرنی ہے مجھ سے بات کرے میاں صاحب کو بلانے کا کسی کو حق حاصل نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے استعفوں کے فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب تک پیپلز پارٹی واپس آکر جواب نہیں دیتی قیاس آرائی نہیں کرسکتی۔