سرائے صالح قتل کیس، خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار، گاڑی برآمد

0

ہری پور(یاورحیات)پولیس نے 7 دن قبل سرائے صالح میں ایک شخص کو قتل کرکے مقتول کی گاڑی لے کر فرار ہونے والے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی کار بھی برآمد کرلی.

ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور مجیب الرحمان نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر امجد حسین اور ڈی ایس پی انوسٹی گیشن جاوید خان و دیگر افسران کے ہمراہ واردات اور ملزمان کی گرفتاری کی تفصیلات میڈیا کو بتائیں.

پولیس حکام کے مطابق 02 مارچ 2021 کو تھانہ سرائے صالح کی حدود گھمانوں رکھن کلالی سے نامعلوم نوجوان کی قتل شدہ نعش برآمد ہوئی تھی جس کی بعد میں عالمگیر ولد جہانگیر کے نام سے شناخت ہوئی جو کہ بھکر کا رہائشی تھا.

پولیس کے مطابق نشاندہی کے لئے پرنٹ و سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی گئی۔ نامعلوم ملزم/ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302کے تحت مقدمہ درج کیا گیا.

ڈی پی او ہری پور کاشف ذوالفقار نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن و ڈی ایس پی ہیڈکواٹر امجد حسین و دیگر افسران کو واقع کے بارے میں معلومات و دیگر نامعلوم ملزمان کو مقدمہ میں ٹریس کرکے گرفتاری کے احکامات جاری کئے.

ایس پی انوسٹی گیشن کی زیر قیادت ڈی ایس پی ہیڈکواٹر اور ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اور دیگر افسران پولیس نے نامعلوم ملزمان کو گرفتار کرنے اور چھینی گئی گاڑی کی برآمدگی کے لئے دن رات انتھک محنت کی.

سرچ آپریشن کے دوران نامعلوم ملزمان رانا نصیر ولد محمد ناصر سکنہ جھنڈ والا بھکر، عاطف خان ولد محبوب سکنہ لنگڑیال اور مسماۃ (الف) زوجہ رانا نصیر سکنہ لنگڑیال کو ان کے سہولت کار ظفران ولد خان محمد سکنہ نوردی سمیت گرفتار کر لیا.

ملزمان سے چھینی گئی گاڑی نمبر ایل ای ای 1958 بھی برآمد کرلی گئی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ جلد تمام محرکات منظرے عام پر لاتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا جائے گا.

پریس کانفرنس کے اختتام پر ایس پی انوسٹی گیشن نے ڈی ایس پی انوسٹی گیشن جاوید خان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم کے افسران و جوانوں کو لگا تار 96 گھنٹوں سے نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر شاباش دی.

اور مقتول کے ورثاء نے قلیل وقت میں نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور تمام افسران پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.