بھارت نے ٹیسٹ کے دوسرے ہی دن انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے ٹھکانے لگا دیا
احمد آباد(سپورٹس ڈیسک)بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہی 10 وکٹوں سے ہرا دیا، دو دنوں میں 30 وکٹیں گریں.
یہ میچ احمد آباد کے نئے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا اور اس طرح پہلے انٹرنیشنل میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ ڈے نائٹ ٹیسٹ تھا جس میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 112 رنز بنائے۔ زیک کراؤلی 53 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔
واضح رہے میچ سے چند گھنٹے قبل دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کو مودی کا نام دے دیا گیابھارت کی جانب سے اکسر پٹیل نے میچ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے بھی اپنی پہلی اننگز میں صرف 145 رنز بنائے۔ روہت شرما 66 رنز بناکر نمایاں رہے، انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 5 اور جیک لیچ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں بھی صرف 81 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بین اسٹوکس 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے دوسری اننگز میں اکسر پٹیل نے پھر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشون نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کو جیت کیلئے 49 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا اور میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا
بھارت کو 4 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے.