سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری، ووٹنگ طریقہ کا فیصلہ عدالت کریگی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سینیٹ کے انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے شیڈول کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔
اسلام آباد کے لیے اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جب کہ بلوچستان کےلیے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔
سینیٹ کےامیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہو گی.
امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے، الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔
سینیٹ میں انتخابات متناسب نمائندگی اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کی بنیاد پر ہوں گے، سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرنس کے فیصلہ کے بعد ہوگا.
پنجاب اور سندھ میں11، 11، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 12، 12اور اسلام آباد کی2 نشستوں پر پولنگ ہوگی اور اسی روز منتخب سینیٹرز کا اعلان کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 11مارچ کو 52 سنیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے تاہم سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، اس طرح ایوان بالا کے ارکان کی تعداد 100 ہوجا ئے گی۔