پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 12 رنز سے ہرا دیا

0


کراچی(ویب ڈیسک)  پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 12 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی، پاکستان کی جانب سے انعم امین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ثناء میر نے دو جب کہ ایمن انور، ندا ڈار اور نشرا ساندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈینڈرا ڈاٹن نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، نتاشہ میکلین نے 26 رنز بنائے جب کہ شیڈن نیشن نے 19 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 53 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں جب کہ عالیہ ریاض نے شاندار 24 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، امیمہ سہیل 28، جویریہ خان 10، کپتان بسمہ معروف 19 اور ارم جاوید 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

ویسٹ انڈیز کی کرشما ریمہیرک نے 2، شکیرا سلیمان اور فلائے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلا اور دوسرا  دونوں ٹی ٹوئنٹی میچ مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم کے نام رہا۔

پہلے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی ہوا، فیصلہ سُپر اوور میں ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.